کیلیفورنیا میں ایک وفاقی اپیلز کورٹ نے کہا ہے کہ امریکی شہری عوامی مقامات پر ہتھیار پوشیدہ طور پر اپنے پاس رکھنے کا آئیںی اختیار نہیں رکھتے۔
جمعرات کو ایک درخواست کی سماعت کرتے ہوئے ججوں کے ایک 11 رکنی پینل نے اسی عدالت کے ایک چھوٹے پینل کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا۔
اس فیصلے میں کیلیفورنیا ریاست کے اس قانون کی پاسداری کی گئی ہے جس میں پوشیدہ طور پر اسلحہ ساتھ رکھنے کے اجازت نامے کے لیے درخواست گزار کو یہ ثابت کرنا ہوتا ہے کہ اسے اسلحہ رکھنے کی کیوں ضرورت ہے، مثلاً کسی ایسے شخص کے خلاف
اپنا دفاع کرنا جو حقیقتاً اس کے لیے ایک خطرہ ہو۔
اس مقدمے کی سماعت کیلیفورنیا کے ان شہریوں کی درخواست پر کی گئی جنہیں دو کاؤنٹیز میں شیرف کے محکمے نے پوشیدہ طور پر اسلحہ ساتھ رکھنے کا اجازت نامہ دینے سے انکار کر دیا تھا۔
ان کا مؤقف تھا کہ شیرف امریکہ کی دوسری آئینی ترمیم کے تحت ان کے اسلحہ رکھنے کے حق کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
مگر کیلیفورنیا کے اٹارنی جنرل نے ابتدائی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی۔
اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کی جا سکتی ہے۔